وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ویزہ رجیم میں نرمی سے 126 ممالک کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائین نظام کے تحت ویزا جاری کئے جائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لئے ویزا کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے حوالے سے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے ۔
وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے ،گلف کوآپریشن کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے ،126 ممالک کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائین نظام کے تحت ویزا جاری کئے جائیں گے،ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان بیرون ممالک کے افراد کی لئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا ،مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لئے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے ،کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کے نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔
ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی،زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لئے جنت ہیں، نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزا فری اینٹری، بزنس ویزا لسٹ اور ٹورسٹ ویزا آن ارائیول کی نگرانی کرے گا اور جائزہ رپورٹ فراہم کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی ویزا رجیم پر وزارت داخلہ ، اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔