سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام سے کہا ہے کہ حج کے لیے پرمٹ کا حصول لازمی ہے۔ پرمٹ کے حصول کے لئے یونیفائیڈ پورٹل ’تصریح‘ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے امسال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہش مندوں سے درخواست کی گئی ہے کہ حج امور کو بہتر بنانے اور دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حج پرمٹ کی شرط عائد کی گئی ہے تاکہ حج کے دوران مشکلات سے بچا جاسکے۔
وزارت حج کے مطابق حج ویزے کے علاوہ کسی قسم کے ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جن افراد کے پاس حج پرمٹ نہیں ہوگا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزارت حج نے فرضی حج اداروں کے حوالے سے جعل سازوں سے بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر حج کے حوالے سے فرضی کمپنیوں کے ناموں سے جعل سازوں سے خبردار رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچ سکیں۔
ملک میں موجود غیرملکی بھی ان جعل سازوں کے جھانسے میں نہ آئیں جو حج ایام میں مشاعر مقدسہ میں قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرنے کے دعوے کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزارت حج نے مختلف ممالک سے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو انتباہ دیا تھا کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں۔وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے پر غیر قانونی قیام کرنے والوں کو ضوابط کے مطابق سخت سزا بھگتنا پڑے گی۔